ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناور کے پریش میستاہلاکت معاملے کی تیز رفتار تحقیقات کا مطالبہ۔کانگریسی لیڈروں کی بھوک ہڑتال

ہوناور کے پریش میستاہلاکت معاملے کی تیز رفتار تحقیقات کا مطالبہ۔کانگریسی لیڈروں کی بھوک ہڑتال

Wed, 11 Jul 2018 12:45:18    S.O. News Service

ہوناور 11؍جولائی (ایس او نیوز)گزشتہ سال دسمبر میں ہوناور میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے دوران پراسرار انداز میں ہلاک ہونے والے پریش میستا کی موت کے سلسلے میں تحقیقات تیزی سے آگے بڑھانے اورسی بی آئی رپورٹ کو حکومت کے حوالے کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کانگریسی لیڈروں نے ۲۴ گھنٹے کی بھوک ہڑتال کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ کیا۔

ہوناور پٹن پنچایت دفتر کے سامنے شراوتی سرکل کے پاس بلاک کانگریس کے لیڈران نے بھوک ہڑتال کا اہتمام کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پریش میستا کی پراسرار موت کے معاملے کو اسمبلی الیکشن کے دوران سیاسی مفاد کے لئے استعمال کیا گیا۔ اس ہلاکت کی صاف و شفاف تفتیش کرنے کے لئے اپوزیشن کے لیڈران اور عوام نے اس معاملے کو سی بی آئی کے حوالے کرنے کاپرزور مطالبہ کیا۔ اپوزیشن کا کہناتھا کہ اگر یہ معاملہ مرکزی تفتیشی ایجنسی کو سونپا گیا تو اسے صرف سات دنوں میں حل کردیا جائے گا۔ اُس وقت کی سدارامیا حکومت نے مطالبے کو منظور کرتے ہوئے معاملہ سی بی آئی کے حوالے کردیا مگر اب سات دن نہیں بلکہ  سات مہینے گزرنے کے بعد بھی اس کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہورہی ہے۔اس سے یہاں کے عوام او رپریش میستا کے خاندان کوبڑی مایوسی ہوئی ہے۔ مظاہرین نے پوچھا کہ اس وقت پرتشدد احتجاج کرنے، پولیس گاڑیوں کو اور عوام کو نقصان پہنچانے والے اب انصاف طلب کرنے کے لئے کیوں آواز نہیں اٹھا رہے ہیں؟ احتجاج پر اکسانے والے اننت کمار ہیگڈے مرکزی وزیر بننے کے بعد ا س مسئلے پر خاموش کیوں ہیں۔اصل میں حالیہ اسمبلی الیکشن میں اس موت کا سیاسی فائدہ اٹھانے والی بی جے پی آئندہ لوک سبھا الیکشن میں بھی اس کابھر پور فائدہ اٹھانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

کانگریسی لیڈروں نے کہا کہ ماضی میں ہوئے ڈاکٹر چترنجن اور تمپّا نائک قتل کے معاملات کی فائل  جس طرح دھول چاٹ رہی ہے  بالکل اسی طرح پریش میستا کا معاملہ بھی سرد خانے میں ڈال دئے جانے کی سازش محسوس ہورہی ہے۔ لیکن کانگریس پارٹی ہوناور میں پریش میستا اوراس کے اہل خانہ کو انصاف ملنے تک احتجاج جاری رکھے گی۔اگر اس بھوک ہڑتال کے پندرہ دنوں کے اندر سی بی آئی اپنی رپورٹ نہیں دیتی ہے تو پھر’ ہوناور بند‘منایاجائے گا۔ اس کے بعد بھی بات نہیں بنی تو ’کاروارچلو‘ احتجاج کیا جائے گا۔

ہوناور بلاک کانگریس کی طرف سے بھوک ہڑتال احتجاج کے لئے عوام کی طرف سے تعاون دیا گیا۔ کنڑا ابھیمانی سنگھا کے اودئے راج میستا، جنا پرا ہوراٹا ویدیکے سے مارشل، جے ڈی ایس سے راجو نائک منکی ، سماج وادی پارٹی سے منگل داس نائک منکی،آنجہانی دیوراج ارس ویدیکے سے اننت نائک ہیگّار وغیرہ نے بھوک ہڑتال کی حمایت کی۔

اس بھوک ہڑتال میں ہوناور بلاک کانگریس صدر جگدیپ تنگیری، سابق وزیر آر این نائک، کانگریس مہیلا مورچہ کی صدر تارا گوڈا، کانگریسی لیڈر روی کمار شیٹی، گنیش نائک موگوا، حسین قادری، وامن ایس نائک وغیرہ نے حصہ لیا۔


Share: